۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ امین شہیدی

حوزہ/ امت واحدہ پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ مفسر قرآن، محقق و مصنف، مربی قوم، معلم اخلاق، استاذ العلماء، معمار وطن، شیخ الجامعہ، محسن ملت، علامہ شیخ محسن علی نجفی اعلی اللہ مقامہ الشریف کی رحلت پاکستانی قوم اور حوزہ ہائے علمیہ کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے مفسر قرآن و شیخ الجامعہ علامہ شیخ محسن علی نجفی کی رحلت پر تعزیت اور تسلیت پیش کی ہے۔ اپنے ٹوئیٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ مفسر قرآن، محقق و مصنف، مربی قوم، معلم اخلاق، استاذ العلماء، معمار وطن، شیخ الجامعہ، محسن ملت، علامہ شیخ محسن علی نجفی اعلی اللہ مقامہ الشریف کی رحلت پاکستانی قوم اور حوزہ ہائے علمیہ کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

سادہ زندگی، عبودیت اور بندگی سے بھرپور شب و روز، زندگی کے ایام سے بھرپور استفادہ، تالیفی، تعلیمی، تفسیری، علمی آثار ،مدارس اسکولز، کالجز، اداروں کی تشکیل، طلبہ اور جوانوں کی معنوی اخلاقی اور علمی تربیت، ہر شعبہ میں آپ کے زندہ اور مؤثر آثار آپ کی نورانی زندگی کی عکاس ہیں۔ جب کبھی حالات کی دھوپ میں شدت محسوس ہوتی، اور قوم کےتمام اکابر کو باہمی اتحاد و وحدت کے لئے جو شجر سایہ دارنصیب ہوتا وہ مرحوم شیخ صاحب کا بابرکت وجود تھا۔ وطن عزیز میں پیش آنے والے تمام اہم اور مشکل بحرانی حالات میں قوم، علماء تنظیمیں، جوانان کی نگاہ جس شخصیت کی جانب اٹھتی وہ محسن ملت تھے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں کے مشکل اور کٹھن حالات میں اللہ تعالی نے شیخ صاحب مرحوم کے بابرکت وجود کو ہی تمام گروہوں اور علماء کو یکجا کرنےاور ایک ملی مؤقف کے اعلان کا نورانی ذریعہ بنایا۔ استاذ العلماء کی زندگی ہر خاص و عام کے لئے نہایت بابرکت اور دینی اقدار و معارف کے بیان کے لئے منبع فیض قرار پائی، اس شخصیت کے بارے میں بجا طور پر کہا جاسکتا ہے کہ:

عاش سعیدا و مات شھیدا، کیونکہ

من مات علی حب آل محمد مات شھیدا۔ اللہ انھیں نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ اور آل نبی علیھم السلام کے ساتھ محشور فرمائے اور ان کی برکتوں سے قوم کو مزید فیض یاب فرمائے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .